موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کی جانے والی بہترین ڈیوائسز

World Mobile Congress 2018 best devices including dual display and folding smartphone, world most strong smartphone, smart shoes, Sony air phones, Nokia old mobile with new shape and design, Cryptocurrency smartphone and much more at WMC 2018
موبائل ورلڈ کانگریس دنیا میں موبائل ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی نمائش ہے جو رواں ہفتے اسپین کے شہر بارسلونا میں شروع ہوئی۔

اس نمائش میں مختلف بڑی کمپنیوں کی جانب سے اپنے نئے فونز اور دیگر ڈیوائسز کو پیش کیا جارہا ہے، یہاں اب تک سامنے آنے والی ڈیوائسز کے بارے میں جان سکیں گے۔

سام سنگ گلیکسی ایس نائن اور نائن پلس

اس ایونٹ میں سام سنگ ہی وہ بڑی کمپنی ہے جس نے اپنا فلیگ شپ فون یعنی گلیکسی ایس نائن اور ایس نائن پلس کو متعارف کرایا جو کہ جنوبی کورین کمپنی کا ایپل کے آئی فون ایکس کے مقابلے پر لایا گیا ہے۔ 720 ڈالرز سے شروع ہونے والے اس فون میں پہلے سے بہتر کیمرہ، اے آر ایموجی، سپر سلوموشن ویڈیوز اور دو آپرچر جیسے فیچرز دیئے گئے ہیں تاہم ڈیزائن کے لحاظ سے یہ گزشتہ سال کے ایس ایٹ جیسا ہی ہے۔ کمپنی نے اس کی ٹیگ لائن 'کیمرہ ری امیجن' رکھی ہے جو کہ اس کے ڈوئل آپرچر کی وجہ سے رکھی گئی ہے۔

نوکیا کا ایک اور ماضی کا فون نئی شکل میں

گزشتہ سال کے نوکیا 3310 کے ری لانچ کے بعد اس بار فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی نے میٹرکس فون یا بنانا فون یعنی نئے نوکیا 8810 کو نئی زندگی دی۔

ڈوئل ڈسپلے فون

چینی کمپنی زی ٹی ای نے اپنا ڈوئل اسکرین فولڈ ایبل اسمارٹ فون زی ٹی ای ایٹم ایم اس نمائش میں پیش کیا جس کی قیمت 725 ڈالرز ہے۔ اس وقت متعدد کمپنیاں فولڈ ایبل فون بنانے کی کوشش کررہی ہیں مگر چینی کمپنی سب کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

اسمارٹ فون سے پہلی بار گاڑی چلانے کا کامیاب تجربہ

ہیواوے نے اس بارے موبائل ورلڈ کانگریس میں کوئی نیا اسمارٹ فون تو پیش نہیں کیا مگر کچھ نئی چیزیں ضرور دکھائیں، جن میں میٹ 10 پرو اسمارٹ فون کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس سافٹ وئیر کی مدد سے ایک پورشے گاڑی کو چلانے کا کامیاب تجربہ قابل ذکر ہے۔ اسے سیلف ڈرائیونگ کار تو نہیں کہا جاسکتا بلکہ اے آئی ٹیکنالوجی کو اشیاءکی شناخت کی تربیت دے کر اس میں کامیابی حاصل کی گئی۔

سونی کے فلیگ شپ فونز

سونی ایکسپیریا ایکس زی ٹو اور ایکس زی ٹو کامپیکٹ اس جاپانی کمپنی کے نئے فلیگ شپ فونز ہیں اور یہ پہلی ڈیوائسز ہیں جس میں بیزل کو کم کیا گیا ہے جبکہ فور کے ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھنے والے بھی یہ پہلے فون ہیں۔

ائیر فون

سونی نے اپنے نئے ائیرفون 'اوپن ائیر' بھی متعارف کرائے جو کہ گوگل اسسٹنٹ کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں موسیقی اور وائس کالز کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ویوو کا انوکھا کانیسپٹ فون

چینی کمپنی ویوو نے اپیکس کے نام سے ایک منفرد کانیسپٹ فون پیش کیا جو کہ فل اسکرین فرنٹ ڈیزائن کے ساتھ کسی ٹوسٹر کی طرح باہر نکلنے والے سیلفی کیمرے اور بلٹ ان اسکرین فنگر پرنٹ اسکینر جیسے فیچرز رکھتا ہے۔

کرپٹو کرنسی فون

اگر تو آپ ایسا محفوظ فون چاہتے ہیں جو ڈیجیٹل کرنسی کا تحفظ کرسکیں تو سکیور کا نیا فون کچھ ایسی ہی صلاحیت رکھتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ فون انکرپٹڈ میسجنگ ایپس کے ساتھ کرپٹو کرنسی والٹ سے لیس ہے۔

اسمارٹ جوتے

سریا وائرلیس نامی کمپنی نے ایک سم کارڈ اور وائرلیس موڈیول جوتوں میں نصب کردیئے ہیں، انہیں پہننے والے کو اپنے پیر کو دبانا یا انگوٹھوں کو حرکت دینا ہوگی، جس کے بعد وہ ٹو وے کمیونیکشن میں مدد دینے لگیں گے۔

سب سے سخت جان فون

لینڈ روور کمپنی نے انتہائی سخت جان اسمارٹ فون تیار کیا ہے جو کہ بڑی بیٹری کے ساتھ ایڈوانس جی پی ایس کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ فون ایسے حالات میں بھی ٹھیک رہتا ہے جن میں دیگر فونز ٹوٹ جاتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment

Thank you for visiting

HD Photos Designed by Templateism Copyright © 2014

Theme images by Bim. Powered by Blogger.